'پری زاد' کی کہانی میں کیاموڑ آنیوالا ہے؟ ڈرامہ کے اہم کردار نے بتا دیا

'پری زاد' کی کہانی میں کیاموڑ آنیوالا ہے؟ ڈرامہ کے اہم کردار نے بتا دیا

لاہور:پاکستان میں ان دنوں نشر کیا جانے والا ٹی  و ی  ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ ناظرین کی توجہ سمیٹے ہوئے ہے، اور ہر دن کیساتھ  مقبولیت کے نئے ریکارڈ  بنا رہا ہے، اس  ڈرامہ میں اہم کردار ادا کرنے والے افتخار افی نے کئی راز سے پردہ اٹھا یاہے۔
نیو ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈرامہ پری زاد میں  کمالی کا  کردار ادا کرنے والے افتخار افی  نے کہا کہ 54 سال میں اس کردار کو حاصل کرنے کیلئے 28 سال کا عرصہ لگ گیا، انہوں نے کہا کہ لوگ اب  پاکستان میں چاہتے ہیں کہ ان کو بھی حقیقت میں کوئی بہروز کریم مل جائے  مگر مجھے آج تک کوئی نہیں مل سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راتوں رات امیر ہونے کا کوئی راستہ نہیں ، ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ صبح جاگے تو سرہانے ڈالر ہی ڈالر ہوں، پاکستانی  عوام کو بھی اس ڈرامے نے اسی سحر میں جکڑ دیا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، اور انسان کو کچھ پانے اور کسی مقام تک پہنچنے میں نہ صرف وقت لگتا ہے بلکہ محنت بھی درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی مکمل کہانی کا تو علم نہیں لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ یہ ڈرامہ اپنی آخری  اقساط میں پاکستانی قوم کو ضرور کوئی بہترین پیغام اور خاص سمت دے کر جائے گا۔
https://youtu.be/z28i-FpV6BY?t=210
واضح رہے کہ ڈرامہ پری زاد ہاشم ندیم کے ناول پر مبنی ہے اور اس ڈرامے  میں پری زاد  کا مرکزی کرداراداکار احمد علی اکبر نبھا رہے ہیں جس پر مداحوں کی طرف سے ان کو خوب  پذیرائی مل رہی ہے۔

خیال رہے کہ ڈرامے میں ہمارے معاشرے کے ان پہلوؤں اور افراد کی ذات کی عکاسی کی گئی ہے جنھیں ہمارے ارد گرد کے لوگ آسانی سے قبول نہیں کرتے۔پری زاد ایک ایسے نوجوان کی کہانی ہے جسے رنگ کالا ہونے کی وجہ سے یہ معاشرہ قبول نہیں کرتا اسے زندگی کے ہر قدم پر دھتکارا جا رہا ہے، تاہم یہ نوجوان راتوں رات امیر ہونے کی خواہش رکھتا ہے، ہمیشہ کام سے بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں نعمان اعجاز، عروا، صبور علی اور یمنٰی زیدی شامل ہیں ۔ ڈرامہ اپنی کاسٹ اور مضبوط کہانی کی بدولت اس وقت ناظرین کی توجہ  کا مرکز بن چکا ہے، پری زاد کے کردار کے علاوہ دیگر فنکاروں کی اداکاری کو بھی لوگوں کی طرف سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے، ڈرامہ ہر آئے روز ویور شپ کے نئے ریکارڈز بھی  قائم کر رہا ہے۔