نواز شریف کا پرویز الٰہی ، مخدوم احمد محمود سے رابطہ، پرویز رشید نے وضاحت کر دی

نواز شریف کا پرویز الٰہی ، مخدوم احمد محمود سے رابطہ، پرویز رشید نے وضاحت کر دی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما  پرویز رشید نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے  ٹیلی فونک رابطے  اور  پیپلز پارٹی  کے سینئر رہنما مخدوم احمد محمود سے لندن میں ملاقات کے حوالے سے زیر گردش خبروں کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ دونوں میں کسی قسم کا سیاسی ایجنڈا شامل نہیں تھا۔
سینئر لیگی رہنما پرویز رشید نے واضح کرتے ہوئے کہا  کہ دونوں ٹیلیفونک رابطے اور لندن میں ہونیوالی ملاقات کا کسی نئے سیاسی اتحاد کی تشکیل سے کوئی تعلق نہیں تھا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا  کہ نواز شریف کی پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک گفتگو اور مخدوم احمد محمود سے ملاقات کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے، مخصوص میڈیااس حوالے سے متضاد خبروں کو پھیلا رہا ہے جب کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ چوہدری برادران کے ساتھ سیاسی اختلافات سے قطع نظر احترام کا عنصر اب بھی موجود ہے، اس جذبے کے تحت  میاں نواز شریف نے چوہدری پرویز الٰہی کو فون کرکے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔ اسی طرح مخدوم احمد سے ملاقات کو بھی سیاق و سباق سے ہٹ کر بتایا جا رہا ہے، مخدوم احمد محمود نے نواز شریف سے جیل میں ملاقات بھی کی تھی۔پرویز رشید نے کہا کہ اگر کوئی شخص نواز شریف سے جیل میں مل سکتا ہے تو باہر کیوں نہیں مل سکتا؟ سینئر لیگی رہنما نے زور دے کر کہا کہ ان دونوں ملاقاتوں کا مقصد حکومت کے خلاف اتحاد بنانا نہیں تھا۔

ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے لیے اگلے امیدوار کی بحث کے بارے میں سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ اس طرح کے مباحثوں کا مقصد ملک کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔