سعودی ولی عہد کی آج پاکستان آمد،19 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

سعودی ولی عہد کی آج پاکستان آمد،19 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد:سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ ان کا 19 رکنی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد کی آمد سے قبل نور خان ایئر بیس کی سکیورٹی ٹرپل ون بریگیڈ نے سنبھال لی ہے۔محمد بن سلمان کے قریبی ساتھیوں کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

سعودی وفد دو خصوصی طیاروں میں نور خان ایئر بیس پہنچا ہے۔ وفد میں محمد بن سلمان کے قریبی ساتھی شامل ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا تھا کہ محمد بن سلمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی اور پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملیں گے جبکہ ان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ اور ایوان صدر میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران برادر ملک کے ساتھ 8 ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ان کے وفد کی سکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد ہے۔ ٹرپل ون بریگیڈ سعودی وفد کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گا، رینجرز اور بم ڈسپوزل سکواڈ بھی سکیورٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

رینجرز کے تین ونگ جبکہ لائٹ کمانڈو بی این کی دو بٹالین تعینات کی جائیں گیں۔ زرار اینٹی ٹیررسٹ یونٹ کی ایک بٹیالین، ائیر ڈیفنس کی ایک بیٹری فضائی نگرانی کرے گی۔اس کے علاوہ ایس ایل سی ٹو ریڈار ،دو مختلف مقامات پر نصب کئے جائیں گے، ایوی ایشن کے چھ عدد ایم آئی سترہ طیارے فضائی نگرانی کریں گے۔سعودی عرب 5سال کے دوران پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،2سال میں 7ارب اور 3سال میں 12ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی .

معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے محمد بن سلمان اور عمران خان کی سربراہی میں جوائنٹ کوآرڈی نیشن کونسل بھی قائم کی جائے گی .معززسعودی مہمانوں کے فقیدالمثال استقبال کے لیے جڑواں شہروں کو خیرمقدمی بینرز سے سجا دیا گیا.اسلام آباد میں پیر کو عام تعطیل ہوگی.سکول، کالج اوردفاتربند ، ریڈ زون سیل ہوگا جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ملتوی کر دیاگیا ہے۔