عوامی مسائل کے حل کیلئے ایوان میں مؤثر قانون سازی کریں گے، چیئرمین سینیٹ

We will make effective legislation in the House to resolve public issues, Chairman Senate said
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی ایوان کو بہتر طریقے سے چلا سکوں، عوامی مسائل کے حل کیلئے مؤثر قانون سازی کریں گے۔

یہ بات انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح وہ شخصیت ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بنا۔ عوام کو قائداعظم کی زندگی سے متعلق معلومات لینی چاہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کو پاکستان کی شکل میں آزاد وطن دیا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ جن لوگوں نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ دیئے، ان کا شکرگزار ہوں، پورے ایوان کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یوسف رضا گیلانی کے خیالات سے متعلق بات نہیں کر سکتا، عدالت نے ان کا فیصلہ کرنا ہے، میں نے نہیں کرنا۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور چیئرمین سینیٹ کوشش ہوگی ایوان کو بہتر طریقے سے چلا سکوں۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے ایوان میں مؤثر قانون سازی کریں گے۔ بلوچستان سے لوگ آتے ہیں تو کہتا ہوں احساس محرومی ایسے ہی ختم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام صوبوں کی نمائندگی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ وزیراعظم نے سینیٹ میں چاروں صوبوں کے ساتھ فاٹا کو بھی نمائندگی دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے 2018ء میں مجھے سپورٹ کیا جس سے چیئرمین سینیٹ بنا۔ سیاست میں سیاسی باتیں ہوتی رہتی ہیں، ہر جماعت کا اپنا نکتہ نظر ہے۔ ہاؤس کی پروسیڈنگ کسی بھی جگہ چیلنج نہیں ہو سکتی۔ ایسا کرنے سے آئندہ مختلف بلز پر آوازیں اٹھیں گی۔ اپوزیشن حق رکھتی ہے وہ جیسے چاہے کرے مگر احتیاط کرنا وقت کا تقاضا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب کرنے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں۔ سینیٹ میں تمام صوبوں کی آواز بنیں گے۔ حالیہ سینیٹ الیکشن میں آزاد امیدوار کامیاب ہوا، کامیاب ہونے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔