پاکستان نے 12 ممالک سے چینی درآمد کر لی، 30 لاکھ ڈالر خرچ

پاکستان نے 12 ممالک سے چینی درآمد کر لی، 30 لاکھ ڈالر خرچ

اسلام آباد: وزیر تجارت جام کمال نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے بھارت سمیت مختلف ممالک سے چینی درآمد کی ہے، جس میں 50 ہزار ٹن چینی بھارت سے آئی۔

جام کمال نے ایوان کو بتایا کہ مارچ 2024 سے جنوری 2025 کے دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 140 میٹرک ٹن چینی درآمد کی گئی، جس پر 30 لاکھ ڈالرز سے زائد لاگت آئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چینی کی درآمد ملائیشیا، جرمنی، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، ڈنمارک، چین، فرانس، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا اور بھارت سے کی گئی۔

ماہرین کے مطابق چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور قلت سے بچنے کے لیے حکومت نے درآمدی پالیسی اپنائی ہے، تاہم بھارت سے چینی درآمد کیے جانے پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔