پاکستان ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے آکسیجن پیدا کرے گا، مرتضٰی وہاب

Pakistan will produce oxygen using technology: Murtaza Wahab
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے آکسیجن پیدا کرے گا اور اس طریقے سے آکسیجن پیدا کرنے والا خطے کا پہلا ملک ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آکسیجن کے حوالے سے جامشورو کمپنی کے ساتھ مشاورت ہوئی، میں ان کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس نے آکسیجن کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ جامشورو پاور کمپنی 2 لاکھ 68 ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرے گی۔ پی سی آئی ایس آر نے پیدا ہونے والی آکسیجن کو بہترین قرار دیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ عوام ماسک پہنیں، ویکسی نیشن کرائیں، احتیاط کریں اور ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔ شہری اور تاجر بندشو ں کے خلاف بات کرتے ہیں۔ حکومت کو بندشوں کا شوق نہیں، مجبوری میں لگاتے ہیں۔ عوام کی پہلی ترجیح ویکسی نیشن ہونی چاہیے۔

پڑوسی ملک بھارت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آکسیجن کی کمی کے باعث بھارت میں صورتحال ابتر ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 24 گھنٹے میں کورونا کی شرح 26 فیصد رہی ہے۔ سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس جمعرات کو دوبارہ ہوگا۔ مثبت کیسز کی شرح میں کمی نہ آئی تو سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حکومت سخت فیصلے کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 24 گھنٹے میں کیسز کا تناسب بڑھ کر 26 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ حیدر آباد میں مثبت کیسز کا تناسب بڑھ کر 11.8 فیصد ہو چکا ہے۔ یہ نمبر اس لئے آئے ہیں کہیں نہ کہیں ہم احتیاط نہیں کر پائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ عید کے 3 دنوں میں 31 ہزار افراد نے ویکسی نیشن لگوائی۔