کراچی :کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) نے شہر کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی سربراہی میں ہونے والے فیصلے کے مطابق، آئندہ ون وے کی خلاف ورزی پر شہریوں کو 15,000 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
یہ جرمانہ سٹی وارڈنز کے ذریعے نافذ کروایا جائے گا۔ ایک باقاعدہ قرارداد بلدیاتی کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش ہو گی، جس کی منظوری کے بعد اس فیصلے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع ہوگا۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور حادثات کے پیش نظر قوانین کی سختی سے پابندی ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور شہر میں نظم و ضبط قائم رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔