ہیٹ ویو الرٹ: پنجاب میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات  15 مئی سے شروع ہونے کا امکان

ہیٹ ویو الرٹ: پنجاب میں تعلیمی اداروں کی تعطیلات  15 مئی سے شروع ہونے کا امکان

لاہور:موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تحت پنجاب حکومت سکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی سفارش پر سکولوں کی تعطیلات رواں سال 15 مئی سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو 14 اگست تک جاری رہیں گی۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی اور جون میں درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اور وسط مئی سے ہیٹ ویو کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

PDMA نے تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ طلباء کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں، جن میں اوقاتِ کار میں کمی، صاف پانی کی فراہمی، کلاس رومز کی ہواداری، اور بیرونی سرگرمیوں پر پابندی شامل ہیں۔

توقع ہے کہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان بھی جلد پنجاب کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنے تعلیمی شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کریں گے۔ والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے تعلیمی محکموں کی ویب سائٹس چیک کرتے رہیں۔