وزیراعظم کے معاون خصوصی تابش گوہر اقامہ ہولڈر نکلے

Special Assistant to the Prime Minister Tabish Gohar Iqama Holder
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی تابش گوہر بھی متحدہ عرب امارات کے اقامہ ہولڈر ہیں۔ خبریں ہیں کہ ان کے پاس 1999ء سے یو اے ای کا اقامہ ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ سال تابش گوہر کو اپنا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔

تابش گوہر اس وقت معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے اقامہ ہولڈر ہونے بارے کسی کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

تاہم رواں سال ہی انہوں نے تحریری طور پر کابینہ ڈویژن کو بتایا تھا کہ ان کے پاس متحدہ عرب امارات میں سکونت کا اقامہ ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کی کابینہ میں بیرون ممالک کی شہریت یا سکونت رکھنے والے اراکین کی تعداد 6 ہے۔ ان میں تابش گوہر کا نام بھی شامل ہے۔

میڈیا کے مطابق زلفی بخاری برطانوی شہری ہیں، شہزادہ قاسم کے پاس امریکا کا گرین کارڈ ہے جبکہ حال ہی میں معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑنے والے ندیم افضل چن کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے۔

ان کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پیٹرولیم ڈویژن کے معاون خصوص ندیم بابر، رؤف حسن اور قومی سلامتی امور کے معاون خصوصی معید یوسف کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے کہ ان کے پاس امریکا کا گرین کارڈ ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن میں ایک وفاقی وزیر کا کیس زیر سماعت ہے جن پر الزام ہے کہ وہ غیر ملکی شہریت رکھتے ہیں لیکن انہوں نے اس بات کو چھپایا۔