التوا ٹیکس کیسز سے متعلق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اجلاس طلب کر لیا

 التوا ٹیکس کیسز سے متعلق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اجلاس طلب کر لیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ٹیکس کیسز کے عدالتوں میں التوا سے متعلق بیان کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے طلب کیا گیا اجلاس 22فروری کو ہائیکورٹ میں ہو گا، وزیر اطلاعات فواد چودھری، چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ، اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کو شرکت کیلئے خط ارسال کر دیا گیا۔

چئیرمین مسابقتی کمیشن، چئیرمین اوگرا کو بھی شرکت کیلئے خط ارسال کیا گیا ہے، یہ خط رجسٹرار آفس اسلام آباد کی جانب سے ارسال کیے گئے ہیں جبکہ ہائیکورٹ میں زیر التوا ٹیکس کیسز کی تفصیل بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فل کورٹ اجلاس انتہائی قابل تحسین فیصلہ ہے، حکومت اور عدلیہ سمیت تمام ادارے قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہیں، امید ہے تمام ہائیکورٹس اس ضمن میں موثر اقدامات اٹھائیں گی۔

خیال رہے کہ 15فروری کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ کابینہ نے عدالتوں میں سٹے آرڈرز کی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بڑا انتظامی بحران پیدا ہوچکا ہے۔

مصنف کے بارے میں