مولانا فضل الرحمان ضیافت کے لیے لاہور میں زرداری ہاؤس پہنچ گئے

مولانا فضل الرحمان ضیافت کے لیے لاہور میں زرداری ہاؤس پہنچ گئے

لاہور:  حکومتی اتحادی جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ضیافت کے لیے لاہور میں زرداری ہاؤس پہنچ گئے. دیرینہ سیاسی دوست اور سابق صدر آصف علی زرداری سے والہانہ معانقہ کیا ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ، سینیٹ انتخابات اور صوبائی حکومتوں سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا دونوں رہنماؤں نے بعض جماعتوں کی پارلیمینٹ پر تنقید کو مسترد کر دیا ہے.

زرداری ہاؤس لاہور میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری سے انکی دعوت پر ملاقات کی .زرداری ہاؤس میں حکومتی اتحادی جماعت کے سربراہ کے اعزاز میں ضیافت دی گئی.دونوں دیرینہ سیاسی دوستوں نے اکٹھے کھانا کھایا .ذرائع کے مطابق  مولانا فضل الرحمان کی لاہو رمیں موجودگی کی اطلاع ملنے پر زرداری ہاؤس سے ان سے رابطہ کیا گیا اور آصف علی زرداری کی طرف سے کھانے کی دعوت دی گئی جسے مولانا فضل الرحمان نے قبول کر لیا .دن میں مولانا فضل الرحمان زرداری ہاؤس پہنچ گئے ملاقات کا ماحول انتہائی خوشگوار تھا.

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے انکے وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات کار کے بارے میں بھی پوچھا اور کہا کہ مولانا صاحب حکومت کیسی جارہی ہے کیسی چل رہی ہے تعاون ملتا ہے اس حوالے سے حکومتی اتحادی جماعت کے سربراہ مسکرا دیے اور کوئی جواب نہ دیا. ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام (ف) میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے قریبی رابطوں پر اتفاق کیاگیا ہے. بلوچستان میں حالیہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے معاملے پر گفتگو شروع ہوئی تو وفاقی حکومت کے اتحادی مولانا فضل الرحمان آصف علی زرداری کو معنی خیز انداز میں دیکھتے رہے اس حوالے سے زومعنی جملوں کا تبادلہ ہوا.

ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں تعاون پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے.دونوں اطراف سے اس حوالے سے ٹیمیں بیٹھیں گی اور پیشرفت پر غور کیا جائے گا .آصف علی زرداری نے اگلے چیئرمین سینیٹ کی بھی اپنی جماعت سے انتخاب کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں. اس حوالے سے سابق صدر اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر اپنی بہن فریال تالپور کی نامزدگی پر بھی مشاورت ہو ئی ہے .اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے سینیٹ کے انتخابی نتائج کے بعد صوبوں میں آصف علی زرداری اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیں گے اور باضا بطہ طور پر تعاون کے لیے بات چیت کریں گے۔