الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس پر کسی جماعت پر پابندی کا اختیار نہیں ہے، ڈاکٹر بابر اعوان

The Election Commission has no authority to ban any party in a foreign funding case, Dr Babar Awan said
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے پاس فارن فنڈنگ کیس پر پابندی کا اختیار نہیں ہے۔

اسلام آباد : وزیراعظم مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق آئینی اور قانونی پوزیشن واضح کرتے ہوئے پی ڈی ایم کو مرحوم قرار دے دیا۔

نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں بابر اعوان نے پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کو غیر آئینی، غیر پارلیمانی، غیر سیاسی اور فرمائشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپوزیشن اتحاد کی آخری سسکی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ فارن فنڈنگ کیس کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کو ختم کرنے کی فرمائش کر رہی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن کے ذریعے ختم کروا کے حکومت کو ہی گھر بھیج دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے جس پٹیشن کو جواز بنا رہی ہے، اس پر عدالت عظمیٰ کی جانب سے پہلے ہی فیصلہ جاری کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈنگ کا کیس صرف تحریک اںصاف نہیں بلکہ پاکستان کی دیگر پولیٹیکل پارٹیوں کے خلاف بھی چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں چالیس ہزار ثبوت جمع کروائے جا چکے ہیں۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ دوسری جانب پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ابھی تک الیکشن کمیشن میں کوئی ثبوت جمع نہیں کرایا گیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی چاروں پولیٹیکل پارٹیز کے بارے میں اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ احتساب کے اداروں پر تالے لگا کر عمران خان کو این آر او دینے کیلئے مجبور کرنے کی سعی کر رہے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا، عمران خان انھیں کبھی این آر او نہیں دے گا۔