امریکا سمیت دیگر 16 ملکوں کا طالبان سے کارروائیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ

امریکا سمیت دیگر 16 ملکوں کا طالبان سے کارروائیاں فوری بند کرنے کا مطالبہ
سورس: file photo

کابل : امریکہ سمیت 16 ممالک نے طالبان سے فوری طور پر جنگی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

افغان میڈیا کے مطابق امریکہ سمیت 16 ممالک کے سفارتی مشنز نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنی حالیہ جنگی کارروائیاں فوری طور پر روک دیں کیونکہ یہ کارروائیاں  شہری آبادی کو نقصان پہنچانے کے علاوہ لوگوں کو بےگھر کرنے کا بھی سبب بن رہی ہیں۔

کابل میں امریکی سفارت خانے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کی حالیہ کارروائیاں ان کے دوحہ میں کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے افغان تنازعے کا حل چاہتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ طالبان کے زیرقبضہ علاقوں میں خواتین کے حقوق کچلنے کی معتبر اطلاعات ہیں اور ان علاقوں میں میڈیا آرگنائزیشنز بند کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان  کا جارحانہ رویہ  دوحہ امن عمل اور ان  کی جانب سے مذاکرات کی بنیاد پر ہونے والے سمجھوتے کی حمایت کے دعوے کے برعکس ہے۔ طالبان کی جارحیت کے نتیجے میں معصوم افغان شہریوں کی ہلاکتوں سمیت ٹارکٹ کلنگ، افغان شہریوں کی نقل مکانی، لوٹ مار اور ذرائع مواصلات کی بربادی جیسے واقعات پیش آئے ہیں۔