دہشت گردی کے خلاف بھرپور عزم، دہشت گردوں کو ہر حال میں شکست دیں گے: صدر آصف علی زرداری

دہشت گردی کے خلاف بھرپور عزم، دہشت گردوں کو ہر حال میں شکست دیں گے: صدر آصف علی زرداری

کوئٹہ: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ہم ان عناصر کو ہر قیمت پر شکست دے کر امن قائم کریں گے۔

کوئٹہ میں صدر مملکت کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس اجلاس میں قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

صدر زرداری نے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے ہم جدید اسلحہ فراہم کریں گے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اور پائیدار امن کے لیے ہماری حکومت پر عزم ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے تمام بچوں کو تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل ہو۔

اس سے قبل صدر مملکت کا کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔