انصاف سب کیلئے برابر ہوگا، سینیٹر فیصل جاوید کا جہانگیر ترین گروپ کی تشکیل پر ردعمل

Justice will be equal for all, Senator Faisal Javed's response to the formation of Jahangir Tareen Group
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے جہانگیر ترین گروپ کے تمام تحفظات سنے اور یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ پاکستان میں انصاف سب کیلئے برابر ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے یہ بات جہانگیر ترین گروپ کی تشکیل کے ردعمل میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خبروں میں سنا ہے کہ ایک نیا گروپ بن گیا ہے۔ اقتدار کے ساتھ جڑے رہنا عمران خان کی ترجیح نہیں ہے، وہ طاقت حاصل کرنے نہیں بلکہ غریب عوام کیلئے سیاست میں آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی اصل میں تحریک انصاف ہیں، جس کا مطلب انصاف کی تحریک ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں یہاں انصاف سب کیلئے برابر ہے۔ عمران خان نے جہانگیر ترین گروپ کے تمام تحفظات سنے اور کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ گروپ کا نام ’جہانگیر ترین ہم خیال گروپ’ رکھا گیا ہے۔ اس سیاسی گروپ نے قومی اور صوبائی اسمبلی میں اپنے پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راجہ ریاض قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی کو جہانگیر ترین گروپ کا پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی سلمان نعیم نے کہا کہ گروپ نے پنجاب اسمبلی کے رواں اجلاس میں جمعے کو پاور شو کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ اجلاس میں سے کئی ارکان اسمبلی عشائیے میں شریک نہ ہو سکے، شرکت نہ کرنے والے ارکان اسمبلی کے ناموں کو صغیہ راز رکھا گیا ہے۔

سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ کئی ارکان اسمبلی نجی مصروفیات کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے، اجلاس میں شریک ارکان سے گروپ کے اعلان کے لیے باقاعدہ حلف لیا گیا۔