بلاول بھٹو کو جھوٹی باتیں زیب نہیں دیتیں، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان

Pakistan,Chief election commissioner,Gilgit Baltistan
کیپشن: فائل فوٹو

گلگت بلتستان: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز نے بلاول بھٹو کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شہبات پیدا نہ کریں۔ 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں اور جی بی کے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا قوانین سے ہٹ کر کوئی چیز ہوئی ہے تو اس کے ثبوت دیں اور الزامات لگانے والوں کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔ 

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ گورنر کے ساتھ سوشل میڈیا پر جو تصویر وائرل کی گئی ہے وہ اگست 2019 کی ہے اور بلاول بھٹو کو چھوٹی باتیں زیب نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈی سی کے دفتر قانون کا دروازہ کھٹکانے نہیں توڑنے گئی تھی اور اگر وہ میرے پاس آتے تو میں اپنے سامنے ری کاؤنٹنگ کروا دیتا۔ جی بی کے حلقہ نمبر 2 میں دوبارہ گنتی ہوئی اور ایک، ایک ووٹ کی کاؤٹنگ امجد کے سامنے ہوئی۔ امجد حسین نے اپنے حلقے میں گیارہ ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے اور امجد حسین بتائیں کیا انہوں نے یہ گیارہ ہزار سے زائد ووٹ دھاندلی سے لئے ہیں جبکہ رزلٹ تبدیل کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس علی بیگ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل قائم کر دیا ہے جو کل سے کام شروع کرے گا اور جس کو شکایت یا کوئی مسئلہ ہے وہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرے کیونکہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد ری پولنگ اور ری کاؤنٹنگ ہو گی۔