وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی سعودی سفارتخانے، ڈپلومیٹک انکلیو پہنچے تو سعودی سفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے معاشی اور سماجی شعبوں میں سعودی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ محسن نقوی نے بتایا کہ غیر قانونی امیگریشن اور پیشہ ور بھکاریوں کو روکنے کے لیے پاسپورٹ جاری کرنے کے عمل میں نئی شرائط متعارف کرائی جا رہی ہیں، اور بھکاری مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے سعودی عرب میں منشیات کیس میں ملوث ایک بے گناہ پاکستانی خاندان کی رہائی اور وطن واپسی میں تعاون کرنے پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ افراد پر مشتمل اس خاندان کی رہائی سعودی حکام کے تعاون سے ممکن ہوئی۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نہایت قریبی اور برادرانہ ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔