لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) نے آذربائیجان کے خوبصورت دارالحکومت باکو کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور سے باکو جانے والی پہلی پرواز پی کے 159 نے 174 مسافروں کے ساتھ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔
اس موقع پر ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں کیک کاٹا گیا اور مسافروں کو یادگاری تحائف بھی دیے گئے۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادیو، سیکرٹری دفاع میجر جنرل عامر اشفاق کیانی، ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی سمیر سعید اور ایئرپورٹ منیجر نذیر خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
پی آئی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور اور باکو کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ قومی ایئرلائن کی جانب سے پروازوں کے آغاز سے قبل ایک روڈ شو بھی منعقد کیا گیا، جس میں ٹریول ایجنٹس، ٹور آپریٹرز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ باکو اب ایک ابھرتا ہوا سیاحتی مرکز بن چکا ہے، جہاں دنیا بھر سے سیاح کھانے، ثقافت اور تاریخی مقامات سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔ شہر کو ایشیا کا یورپ بھی کہا جاتا ہے۔