مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے والے کی ضمانت ہوگئی

مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے والے کی ضمانت ہوگئی
سورس: file photo

لاہور: شاہی قلعہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ  کے مجسمے کو توڑنے والے ملزم کی ضمانت منظور کرلی گئی ۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں شاہی قلعہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نےدرخواست پرسماعت کی۔

پراسیکیوشن نے کہا رضوان نے شاہی قلعہ میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کےمجسمےکوتوڑا ، ملزم سےتفتیش مکمل کرلی گئی ہے ، ملزم کاچالان جلدعدالت میں پیش کردیاجائے گا، استدعا ہےعدالت ملزم کوجوڈیشل ریمانڈپرجیل بھیجے۔

جس کے بعد عدالت نے ملزم محمدرضوان کی50ہزارروپےکےمچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا ملزم پرلگاالزام قابل ضمانت ہے۔

یاد رہے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی قلعے کے باہر نصب سکھ سلطنت کے پہلے مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا تھا ، مجسمے کو علی الصبح کچھ افراد نے گرایا تھا ، جن میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بعد ازاں شاہی قلعہ کی انتظامیہ کی مدعیت میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا ملزم نے ہتھوڑے سے مجسمے پر حملہ کیا اورنعرے بازی کرتا رہا۔