پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک پیشکش ہو رہی ہے: پی ٹی آئی رہنماء

پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک پیشکش ہو رہی ہے: پی ٹی آئی رہنماء

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر مراد راس نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے ہمارے ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک کی پیشکش ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ دوبارہ پیسہ چل رہا ہے اور ہمارے ایم پی ایز کو 30 سے 50 کروڑ روپے کی پیشکش ہو رہی ہے، ضمنی انتخابات میں شکست کھانے والی جماعت کس طرح یہ کہہ سکتی ہے کہ ہم حکومت بنا رہے ہیں۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنماءاور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم 15 سیٹیں ہم جیت چکے ہیں اور ضمنی انتخابات کے ذریعے لوگوں نے بتا دیا ہے کہ وہ کس جماعت کو چاہتے ہیں۔ 
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ رانا ثنااللہ دھمکیوں والا لہجہ سنبھالیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام بھی آپ نے کیا، لوٹوں کی سیاست ٹھیک ہوتی تو عوام آپ کو ووٹ دیتی، یہ لوگ جمہوریت کے دشمن ہیں، ہم جنگ نہیں لگانا چاہتے۔ 
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماءمیاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہیں لیکن پھر مویشی منڈی لگائی جا رہی ہے، عبرتناک شکست کے بعد بھی یہ دوسروں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کر رہے۔
انہوں نے مزید کہا آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھو، اگر وزارت اعلیٰ کے الیکشن میں ضمیر فروشی ہوئی تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آرام سے نہیں بیٹھے گی۔

مصنف کے بارے میں