بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے اور وہ پاکستان کی جانب سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بن گئے ہیں۔ 
بابراعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں یہ اعزاز اپنے نام کیا اور وہ 64 اننگز میں 2 ہزار 515 رنز مکمل کر کے ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ 
اس سے قبل یہ اعزاز قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کے پاس تھا جنہوں نے 108 اننگز میں 2 ہزار 514 رنز بنائے تھے۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر محمد رضوان ہیں جنہوں نے 40 اننگز کھیل کر 1396 رنز سکور بنا رکھے ہیں جبکہ فخر زمان نے 55 اننگز کھیل کر 1221 رنز بنائے ہیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ فخر زمان نے اس میچ میں عمدہ نصف سنچری بنائی جس پر انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 
قبل ازیں قومی ٹیم نے 19 نومبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔