لاہور: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ مجوزہ "صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیمی ایکٹ 2025" کے تحت کیا گیا ہے، جو جلد ہی پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ ترمیم صوبائی موٹر گاڑیاں آرڈیننس 1965 میں تبدیلی کے ذریعے متعارف کرائی جائے گی، جس کے تحت شق 38-اے میں "موٹر سائیکل" کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ترمیم کے بعد ہر موٹر سائیکل مالک کو سال میں ایک بار فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے، جو آئندہ دو ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں تقریباً 85 فیصد شہری آمدورفت کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، جن سے خارج ہونے والا دھواں فضائی آلودگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔