اسرائیلی حملے کے بعد غزہ کے الناصر ہسپتال میں بھی اجتماعی قبر دریافت

اسرائیلی حملے کے بعد غزہ کے الناصر ہسپتال میں بھی اجتماعی قبر دریافت

غزہ: غزہ میں الشفا اور بیت لاحیہ ہسپتال کے بعد نصر میڈیکل کیمپ  کے احاطے میں بھیاجتماعی قبر دریافت ہوئی  جس میں درجنوں لاشیں دفن پائی گئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ اس کی ٹیموں نے اب تک 50 لاشیں دریافت کی ہیں جنہیں غزہ کے مرکزی جنوبی شہر خان یونس میں الناصر ہسپتال کے احاطے میں دفن کیا گیا تھا۔ اس سے قبل فلسطینی حکام کو الشفا اور بیت لاحیہ ہسپتال سے بھی اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ہیں۔

فلسطین ایمرجنسی سروس کے مطابق ان کی ٹیم نے اپنا تلاش آپریشن جاری رکھا ہوا ہے کیونکہ اب بھی لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ آیا وہ زندہ ہیں یا اسرائیلی فورسز نے انہیں شہید کر دیا ہے۔

نصر میڈیکل کیمپ سے اجتماعی قبر اسرائیلی فوج کے 7 اپریل کو خان یونس شہر سے نکل جانے کے بعد دریافت ہوئی جبکہ چند روز قبل بھی غزہ کے الشفا ہسپتال کے سامنے سے ایک ہی ہفتے میں دو اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں۔ 

 دونوں اجتماعی قبروں سے 39 افراد کی لاشیں ملی تھیں اور عرب میڈیا کے مطابق ان میں سے 30 لاشیں ہاتھ پیر بندھے اور تشدد زدہ تھیں۔

اس کے علاوہ فلسطینی حکام نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں بھی ایک اجتماعی قبر دریافت کی تھی جس میں 20 لاشیں دفنائی گئی تھیں، مزید لاپتہ فلسطینی شہریوں کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کے ہسپتالوں کو اسرائیلی حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے لیے فوج نے حماس پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور وہاں سات اکتوبر کے مغوی افراد کو رکھا گیا ہے جبکہ حماس نے ان دعووں کی تردید کی ہے۔

مصنف کے بارے میں