کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو بہتر بنانے کا وقت آ چکا ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے بتایا کہ اگلے بجٹ میں کوئٹہ شہر کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ کراچی شاہراہ منصوبے کے لیے وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید برآں، سرفراز بگٹی نے قومی پرچم جلانے کے حوالے سے ایک وضاحت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلط معلومات تھیں جن پر انہوں نے پہلے بیان دیا تھا، اور یہ حقیقت سامنے آئی کہ قومی پرچم سمی دین بلوچ نے نہیں بلکہ اس کی ساتھی نے جلایا تھا۔ اس پر انہوں نے دل آزاری پر معذرت بھی کی۔