واشنگٹن: امریکا نے منجمد کی گئی 5 ارب 30 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی امداد جاری کرنے کا اعلان کر دیا، جس میں پاکستان کے لیے 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد بھی شامل ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ امداد زیادہ تر سیکیورٹی اور انسداد منشیات کے پروگراموں کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ اس میں صرف محدود انسانی امداد شامل ہے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی غیر ملکی امداد پر 90 دن کی پابندی عائد کی تھی، جس کے باعث یہ فنڈز منجمد تھے۔
رپورٹ کے مطابق، غیر ملکی امداد کے 243 پروگراموں کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جن کی مجموعی مالیت 5.3 ارب ڈالر ہے۔ تاہم، یوکرین اور افغانستان کے کسی امدادی پروگرام کو اس استثنیٰ میں شامل نہیں کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کے لیے مخصوص امداد ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے اور انسداد منشیات کے اقدامات کو تقویت دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس کے استعمال اور شرائط سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔