اعتزاز احسن بھی پیپلز پارٹی سے فارغ

اعتزاز احسن بھی پیپلز پارٹی سے فارغ
سورس: File

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے سینئر رہنما اعتزاز احسن کی بھی پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سےاعتزاز احسن پر مسلسل پارٹی لائن کی خلاف ورزی اور عمران خان کی حمایت کا الزام لگایا گیا ہے جس کی بنیاد پر ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی۔

یاد رہے ایک روز قبل پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر رانا فاروق سعید خان نے ایک پریس کانفرنس میں پنجاب کے سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ کی بھی اسی الزام کے باعث رکنیت معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔ 

بیرسٹر اعتزاز احسن اور سردار لطیف کھوسہ بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی قانونی ٹیم کی اہم شخصیات رہے ہیں۔ دونوں جمہوریت کی بحالی کی تحریک میں بھی سب سے آگے رہے۔

اعتزاز نے 1988 سے 1990 تک، بینظیر بھٹو کی وزارت عظمیٰ کے پہلے دور میں وفاقی وزیر داخلہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 1977 میں رکن پنجاب اسمبلی، 1988، 2002 میں رکن قومی اسمبلی اور دو بار سینیٹر منتخب ہوئے۔

سردار لطیف کھوسہ 2011 سے 2013 تک گورنر پنجاب رہے، انہوں نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے آخری دور میں اٹارنی جنرل کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے مشیر بھی رہے۔ وہ پیپلز لائرز فورم کے رہنما بھی تھے۔

واضح رہے پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب آفس میں وال آف شیم کے افتتاح کے س موقع پر مبینہ بے وفائی کے باعث سردار لطیف کھوسہ کی تصویر وال آف شیم پر آویزاں کی تھی۔

مصنف کے بارے میں