مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
کیپشن: ملائشیا اور پاکستان کے درمیان 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہونگے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ وزیراعظم آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: مہاتیر محمد کی وزیراعظم ہاؤس آمد، وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملائشیا کے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

یاد رہے ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو ایئر پورٹ پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ وہ یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔ ملائشیا پاکستان میں 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

جمعرات کی شام ان کا طیارہ جیسے ہی نور خان ایئربیس پر اترا تو وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی نے طیارے کے قریب جا کر ان کا استقبال کیا اور گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ مہاتیر محمد دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی سے ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں وزرائے اعظم وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ مہمان وزیراعظم صنعت کاروں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔