افغان سرزمین سے دراندازی بڑھی ، ایک ماہ  میں 29 دہشتگرد ہلاک کئے: آئی ایس پی آر

افغان سرزمین سے دراندازی بڑھی ، ایک ماہ  میں 29 دہشتگرد ہلاک کئے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشتگرد ی کے واقعات اور سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ  ایک ماہ  کے دوران 29 دہشتگرد ہلاک کئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دراندازی کی کوششیں بڑھی ہیں، دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کونشانہ بناتے ہیں۔ پاکستان مستقل طور پر افغان حکومت سے اپنی سرحد کی جانب مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے کہہ رہا ہے ، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 14 مئی کو دہشتگردوں سے فائرنگ کےتبادلے میں میجر بابر خان شہید ہوئے ، ژوب میں 21 اپریل سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، پاک افغان بارڈر اوردوسرے علاقوں میں بھی آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا  کہ سکیورٹی فورسز نے ژوب میں مختلف آپریشنز کے دوران ایک ماہ میں 29 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔