گلگت بلتستان: حلقہ 3 گلگت کے انتخابات میں پولنگ کا عمل شروع، کل 73 پولنگ سٹیشنز قائم

Gilgit-Baltistan: Polling in Gilgit-Baltistan Constituency-3 begins
کیپشن: حلقہ 3 کے انتخابات امیدوار جعفر شاہ کے انتقال کے بعد ملتوی ہو گئے تھے: فائل فوٹو بشکریہ بی بی سی

گلگت: گلگت بلتستان کے حلقہ 3 کے ملتوی ہونے والے انتخابات پر ووٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس نشست کے انتخابات تحریک انصاف کے سابق رہنما جعفر شاہ کے انتقال کے بعد ملتوی کر دیئے گئے تھے۔

پولیس نفری کی تعیناتی، پولنگ سٹاف، مٹیریل کی موثر حفاظت، مربوط کمیونیکیشن نظام اور متعینہ نفری کی فلاح وبہبود سے متعلق انتظامات کو مکمل شکل دیکر فائنل سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی کے نقطہ نظرسے حلقہ کو 5 سیکٹرز اور 13 سب سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ 1254 پولیس اہلکار اور سول آرمڈ فورس کے 500 اہلکار سمیت 1754 نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ضلع غذر کے پولنگ سٹیشن گندائی جہاں دوبارہ ووٹنگ کرائی جا رہی ہے، سکیورٹی کےضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گندائی میں سکیورٹی کے لئے پولیس اور سی ای اید کی 101 نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

گلگت حلقہ تین میں پولنگ سٹیشنوں کو حساسیت کے اعتبار سے تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔ حلقہ 3 گلگت میں 15 انتہائی حساس، 32 حساس اور 30 پولنگ سٹیشن نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔

بہترین رابطہ کاری کے انتظامات کو حتمی شکل دے کر تمام پولنگ سٹیشنوں سے بذریعہ وائرلیس رابطہ قائم کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے حلقہ دو میں 10 سب کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ گلگت۔ الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے سنٹرل پولیس آفس میں الیکشن آپریشنل روم قائم کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کے سرکاری نتائج جاری ہو چکے ہیں جس میں وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے برتری حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار بھی بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے۔ دیگر جماعتوں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل این) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) شامل ہیں نے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جی بی اے 1: گلگت ون سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار امجد حسین فاتح قرار پائے۔ جی بی اے 2 گلگت ٹو سے پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ، جی بی اے 4 نگر ون سے پی پی پی امیدوار امجد حسین نے، جی بی اے 5 نگر ٹو سے آزاد امیدوار جاوید علی منوا، جی بی ایل اے 6 ہنزہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبیداللہ کامیاب رہے۔

دیگر حلقوں کی بات کی جائے تو جی بی اے 7 سکردو 1 سے پی ٹی آئی امیدوار راجا زکریا، جی بی اے 8 سکردو 2 سے مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار محمد کاظم، جی بی اے 9 سکردو تھری سے آزاد امیدوار محمد سلیم، جی بی اے 10 سکردو 4 سے آزاد امیدوا راجا ناصر اور جی بی اے 11 کھرمنگ سے پی ٹی آئی کے امیدوار سید امجد علی نے فتح سمیٹی۔

جی بی اے 12 شگر سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے راجا اعظم خان، جی بی ایل اے 13 استور ون سے پی ٹی آئی کے امیدوار خالد خورشید، جی بی اے 14 استور ٹو سے پی ٹی آئی) امیدوار شمس الحق، جی بی ایل اے 15 دیامر ون سے آزاد امیدوارحاجی شاہ بیگ، جی بی اے 16، دیامر ٹو سے لیگی رہنما محمد انور، جی بی ایل 17 دیامر تھری سے پی ٹی آئی کے امیدوار حیدر خان، جی بی ایل اے 18 دیامر 4 سے پی ٹی آئی کا گلبر خان نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار کو شکست دی۔

جی بی اے 19 غذر ون سے آزاد امیدوار وزیر خان ناجی، جی بی ایل اے 20 غذر ٹو سے پی ٹی آئی امیدوار نذیر احمد، جی بی اے 21 غذر تھری سے لیگی امیدوار غلام محمد، جی بی اے 22، گھانچے ون سے آزاد امیدوار مشتاق حسین، جی بی ایل اے 23 گھانچے ٹو سے آزاد امیدوار حاجی عبدالحمید اور جی بی ایل اے 24 گھانچے تھری سے  پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد اسماعیل کامیاب قرار پائے تھے۔