بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے: نگران وزیر اعظم 

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے: نگران وزیر اعظم 

نیویارک : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب  میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھاکہ موسمیاتی تبدیلی اور کورونا کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا، پاکستان کو خوراک، تیل اور معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، حکومت معیشت کو ٹھیک کرنے میں سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سی پیک کے ذریعے پاکستان مستحکم ہوگا۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کشمیر ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے، بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل کرنا چاہیے،  بھارت خطے میں انتہاپسندی کو فروغ دے رہا ہے، دنیا کو دہشتگردی بشمول بھارت جیسی ریاستی دہشتگری کو ختم کرنا ہوگا، ہندوتوا جیسے نظریات نے ہی اسلاموفوبیا کو دنیا میں بڑھایا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ترقی کیلئے امن لازم ہے، افغانستان کے امن سے خطے کا امن جڑا ہوا ہے،  افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور داعش پاکستان میں دہشت گرد حملے کر رہے ہیں۔ افغانستان میں عالمی امداد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسلاموفوبیا کی وجہ سے مسلمانوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مصنف کے بارے میں