پنجاب اسمبلی   کیلئے ٹکٹوں  کی تقسیم پر  قوانین کی خلاف ورزی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ریڈار پر: ذرائع

 پنجاب اسمبلی   کیلئے ٹکٹوں  کی تقسیم پر  قوانین کی خلاف ورزی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ریڈار پر: ذرائع

لاہور: پنجاب اسمبلی   کیلئے ٹکٹوں  کی تقسیم پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی  الیکشن قوانین کی خلاف ورزی سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں جماعتوں نے  پنجاب اسمبلی   کیلئے 5فیصد نشستوں پر خواتین کوٹکٹ دینے کی شرط پر عملدرآمد نہ کیا۔  ن لیگ نے15کی بجائے سے صرف 4 خواتین کو پنجاب اسمبلی  کاٹکٹ جاری کیا،جبکہ  پیپلزپارتی نے بھی   صرف 9خواتین کوجنرل الیکشن کیلئے  میدان میں اتاراہے۔


الیکشن قوانین کے مطابق صوبہ پنجاب میں  جنرل نشستوں  پر پانچ فیصد خواتین ہونی چاہئیےتھی جبکہ مسلم لیگ نے 297 میں سے 282 صوبائی ٹکٹیں جاری کیں اور282 میں سے صرف چار خواتین کو صوبائی ٹکٹ دی گئی، لاہور میں خواتین کیلئے صرف ایک نشست رکھی،وہ بھی شریف فیملی  کی فرد مریم نواز کو دی گئی۔

اسی طرح 297 میں سے پیپلزپارٹی نے 241 امیدوار پنجاب سے میدان میں اتارے ہیں جن میں سے 9 خواتین کو ٹکٹ جاری کیا۔ پیپلزپارٹی نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کسی ایک خاتون کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن متعلقہ کوٹے پر عمل نہ ہونے پر جماعتوں کے خلاف کاروائی کرسکتا ہے اور نوٹس جاری کرکے وضاحت سمیت سزا بھی سنانے کا استحاق رکھتا ہے۔ 

نیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات  میں مجموعی طور پر312 خواتین قومی اسمبلی کا الیکشن لڑرہی ہیں۔سب سے زیادہ 22 خواتین امیدوار پی ٹی آئی کی حمایت سے میدان میں موجود ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلزپارٹی نے 10 خواتین کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ  دیئے ہیں۔


ملک بھر میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 93  خواتین سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں  جبکہ   219 آزاد حیثیت سے انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

 پی ٹی آئی کی حمایت سے 22 خواتین قومی اسمبلی کی دوڑ میں موجود ہیں جن میں سابق ایم این اے  شاندانہ گلزار اورایمان طاہر بھی شامل ہیں۔پی ٹی آئی نے لاہور، راولپنڈی اور وہاڑی سے دو دو خواتین کو قومی اسمبلی کی نشستوں پر میدان میں اتارا ہے۔

مسلم لیگ ن نے 15 خواتین امیدواروں کو جنرل نشستوں پر ٹکٹ جاری  کیے  ہیں۔ 6 خواتین کو کراچی میں قومی اسمبلی کی ٹکٹیں دی گئی ہیں۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے  10 خواتین پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے جن میں تین، تین کا تعلق سندھ اور خیبرپختون خوا سے جبکہ چار کا   پنجاب سے ہے۔ 

خواتین کو جنرل نشستوں پر میدان میں اتارنے والی جماعتوں میں جماعت اسلامی کا چوتھا نمبر ہے جس  کی  7 خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ایم کیو ایم نےتین   اور جے یو آئی نے صرف ایک خاتون کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا ہے۔سائرہ بانو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 210 ٹنڈو آدم شہداد پور سے جی ڈی اے کی امیدوار ہیں۔