پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کےلئے 16ارب 51کروڑ80 لاکھ روپے کا منصوبہ شروع

پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کےلئے 16ارب 51کروڑ80 لاکھ روپے کا منصوبہ شروع

اسلام آباد : صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کےلئے 16ارب 51کروڑ80 لاکھ روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ صوبہ میں گندم کے کاشتکاروں کی شرح منافع کو بڑھایا جاسکے۔

محکمہ زراعت پنجاب کے حکام نے کہا ہے کہ منصوبہ کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوارمیں7 من اضافہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ کاشتکاروں کی معاونت کےلئے ان کو رعایتی نرخوں پر زرعی مداخل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں کاشتکاری کی جدید سہولیات سے استفادہ کےلئے منصوبہ کے تحت حکومت کاشتکاروں کو 50فیصد کی سبسڈی پرزرعی مشینری فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری کے حصول اور زرعی مداخل کی قیمت میں مراعات سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے گندم کے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیج اور ادویات وغیرہ پر بھی سبسڈی میں اضافہ کرے گی جس سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ہدف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار اور کاشتکار طبقہ کی آمدنی میں اضافے کے پانچ سالہ منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 16ارب51کروڑ روپے زائد ہے۔