کیرالہ :بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک کسان کی پالتو بکری "کرومبی" نے دنیا کی سب سے چھوٹی بکری ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس منفرد بکری کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کیرالہ سے تعلق رکھنے والے کسان پیٹر لینو کی بکری "کرومبی" 2021 میں پیدا ہوئی تھی۔ یہ کینیڈین پگمی نسل سے تعلق رکھتی ہے، جو اپنے مضبوط جسم اور جینیاتی بونے پن کی وجہ سے مشہور ہے۔ کرومبی کا قد صرف 1 فٹ 3 انچ ہے، جبکہ اس کی ٹانگوں کی لمبائی 21 انچ سے زیادہ نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ننھے قد کی حامل یہ بکری ایک بچے کی ماں بھی بن چکی ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، کرومبی اپنی نسل کی سب سے چھوٹی بکری ہے جس کا قد عام بکریوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
کرومبی کی شہرت کے بعد پیٹر لینو کے فارم ہاؤس پر لوگ اس نایاب بکری کو دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس بکری کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔