پارٹی فنڈنگ کیس، عمران خان کو سات جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت

پارٹی فنڈنگ کیس، عمران خان کو سات جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے عمران خان کے خلاف ہاشم علی بھٹہ کی نااہلی درخواست پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے دلائل دیتے ہوئے کہا عمران خان کے خلاف حنیف عباسی کی درخواست پر سپریم کورٹ میں بھی ایسا ہی کیس چل رہا ہے جس پر ہم جواب جمع کرا چکے ہیں۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا اگر وہاں جواب جمع کرایا ہے تو یہاں بھی جواب کی کاپی جمع کرائی جائے۔

درخواست گزار ہاشم علی بھٹہ کے وکیل نے دلائل میں کہا ہمارا کیس عمران خان سے متعلق غیر قانونی فنڈز کا ہے جبکہ سپریم کورٹ میں کیس بعد میں آیا ہے۔اگر عمران خان سپریم کورٹ میں جواب دے سکتے ہیں تو یہاں جواب کیوں نہیں دے سکتے۔

عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس لیے غیر معینہ مدت تک کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا جواب جمع کرانے کے بعد سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے یا باقاعدہ سماعت جاری رکھنے کا تعین کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان سے سات جون کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں