تھر کے کوئلے سے بجلی بناکر 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں: شرجیل میمن

تھر کے کوئلے سے بجلی بناکر 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں: شرجیل میمن

کراچی:وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ  تھر کے کوئلے سے بجلی بناکر 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن   نے کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ   تھر کے کوئلے سے بجلی بناکر 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔

 ان کاکہنا تھا کہ سندھ حکومت ہرسیکٹر کو دوبارہ بہتر سے بہتر بنارہی ہے ، تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کی معیشت کا بوجھ اٹھا سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت پر ذمہ داری زیادہ ہے ، سندھ میں سب سے زیادہ صنعتیں تھیں۔ تھر 3 ہزار میگاواٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ کو دے رہا ہے، سندھ کو ماضی میں ٹارگٹ کیا گیا، دھابیجی انڈسٹریل زون واحد ہے جو سی پیک میں شامل کیا جارہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے مزید صنعتی زون بنارہے ہیں۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ میں سٹریٹ کرائم 50فیصد سےبھی کم ہوا ہے، لوگوں کے جان و مال کی حفاظت عبادت سے کم نہیں، نگران حکومت کے دور میں سٹریٹ کرائم بڑھے، آج سے 15سال سے پہلے امن وامان کی صورتحال خراب تھی، لوگ قافلوں کی صورت میں سفر کرتے تھے، حیدر آباد اور سکھر کا نیشنل ہائی وے بری پوزیشن میں ہے، کراچی کے کاروباری افراد سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، ہم نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے حیدر آباد،سکھر موٹروے جلد سے جلد تعمیر کریں۔

ان کاکہنا تھا کہ سندھ کے حالات منصوبے کے تحت خراب کئے گئے، پہلے بھی امن و امان کی صورتحال بہتر کی،اب بھی نظر آئے گی، پیپلز بس سروس کراچی میں چل رہی ہے ،مزید بسیں آنی ہیں، لاڑکانہ ،سکھر،حیدر آباد، میرپور خاص میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی، ہم ای وی بس سروس بھی اچھے ماڈل میں لائے ہیں۔
 کراچی پاکستان کا واحد شہر ہے جہاں الیکٹرک بس سروس چل رہی ہے، تاجر برادری بھی آگے آئے اور ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کرے، کراچی شہر کو ہزاروں بسوں کی ضرورت ہے، ہم ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں 30کلومیٹر کا سفر 50روپے میں کرارہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں