بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، چودھری سرور

Kashmir,Governor of Punjab, Pakistan ,Speech for Kashmiri's,Ch Sarwar
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور بھی کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر خاموش نہ رہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے بھارت کس طرح کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ بھارتی فوج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بچوں کے سامنے والدین کو قتل کیا جا رہا ہے اور ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب مقبوضہ کشمیر میں مظالم نہ ڈھائے۔ 

گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ عالمی سطح پر کشمیر کا معاملہ زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنا ہے۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے 22 کروڑ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ارکان پارلیمنٹ میں کشمیر کا ایشو نہیں اٹھائیں گے تو بات نہیں بنے گی۔ چودھری سرور نے کہا کہ سب سے زیادہ کشمیر کا ایشو برطانیہ میں اٹھایا جاتا ہے اور ہماری کوششوں سے برطانیہ نے ایک بار مودی کو اپنے ملک کا ویزا نہیں دیا تھا۔ 

عالمی وبا کی دوسری لہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وبا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے اس لیے سیاسی جماعتیں کورونا کے خطرے کے باعث جلسے نہ کریں۔  انہوں نے کہا کہ تاحال حکومت نے اپوزیشن کے جلسوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔