پاکستان کا آئر لینڈ،ناروے اور سپین کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کاخیرمقدم

پاکستان کا آئر لینڈ،ناروے اور سپین کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کاخیرمقدم

اسلام آباد: دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئر لینڈ،ناروے اور سپین کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کاخیرمقدم کرتا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ  پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی ہر فورم پر حمایت کرتا ہے۔ انھوں نے کہا وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آستانہ سے بشکیک کا دورہ کیا اور پاکستانی طلبا کو درپیش مشکلات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ یو اے ای میں متحدہ عرب امارات کی قیادت سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ کیا۔

واضح رہے  ناروے، آئرلینڈ اور اسپین نے تاریخی اقدام کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا ہے۔

 آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے اعلان کیا کہ آئرلینڈ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا ہے۔آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ یہ اقدام اسپین اور ناروے کے ساتھ مشترکہ ہے۔ 

 ہیریس نے اسپین اور ناروے کے ساتھ مل کر اس اقدام کو ”آئرلینڈ اور فلسطین کے لیے ایک تاریخی اور اہم دن“ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اسرائیل فلسطین تنازعہ کو دو ریاستی حل کے ذریعے حل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ حکومت نے کہا کہ آئرش فیصلہ باضابطہ طور پر 28 مئی سے نافذ العمل ہوگا۔