تسکین کی تباہ کن باؤلنگ ، بنگلہ دیش نے نیدر لینڈ کو شکست دیدی 

تسکین کی تباہ کن باؤلنگ ، بنگلہ دیش نے نیدر لینڈ کو شکست دیدی 
سورس: Twitter

ہوبارٹ : آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے تسکین احمد کی عمدہ بائولنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو 9رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں سپر 12 رائونڈ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کر دیا،نیدرلینڈز کی ٹیم 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نیدرلینڈز کے کولن ایکرمین کی 62 رنز کی اننگز رائیگاں گئی ۔

بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، ان کو عمدہ بائولنگ پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ پیر بیلریو اوول، ہوبارٹ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 17 ویں میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بنگلہ دش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، عفیف حسین 38،نجم الحسین شانتو 25 اور مصدق حسین ناقابل شکست 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیدرلینڈز کی طرف سے باس ڈی لیڈے اور وین میکرین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں 135 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، کولن ایکرمین کی 62 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکی، نیدرلینڈز کی طرف سے کولن ایکرمین 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیشی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث حریف ٹیم کے 8کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے چار جبکہ حسن محمود نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے تسکین احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مصنف کے بارے میں