امریکا نے ایران کے الزامات کو مسترد کر دیا

امریکا نے ایران کے الزامات کو مسترد کر دیا
کیپشن: ایران کو الزام تراشی کے بجائے اپنے ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ دینا چاہیے، امریکا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایران میں فوجی پریڈ کے دوران ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو الزام تراشی کے بجائے اپنے ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ دینا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایران میں فوجی پریڈ پر حملے کی مذمت کی اور امریکا کے خلاف ایران کی الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکمرانوں کو ملک میں بدامنی کی وجوہات پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں۔ ایران کی حکومت نے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے لہذا ایران خود کو آئینے میں دیکھے اور پھر بات کرے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے ایران کے حالیہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کا دہشت گردی اور تشدد کے خلاف بڑا واضح اور تاریخی موقف ہے۔

واضح رہے کہ 2 دن قبل اہواز میں پریڈ کے دوران حملے میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں سمیت 39 افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ خلیجی ملک امریکی پشت پناہی سے ایران مخالف عرب گروہوں کو عسکری اور مالی امداد دے رہے ہیں۔