ن لیگ نے پی ٹی آئی کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا

ن لیگ نے پی ٹی آئی کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا

لاہور : پنجاب حکومت اور اپوزیشن کےدرمیان کرکٹ میچ کھٹائی میں پڑگیا ۔ ن لیگ نے واضع کردیا کہ حکومت کے ساتھ کرکٹ میچ بھی نہیں کھیلیں گے ۔ 

 تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی طرف سے پنجاب حکومت کے ساتھ فرینڈلی کرکٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا گیاہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ کسی صورت کرکٹ میچ نہیں کھیلیں گے ۔ حکومت ایک طرف ہمیں چور کہتی ہے اور دوسری طرف کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت دیتی ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل ہی فیاض الحسن چوہان کو ٹیلی فون پر مشترکہ کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا تھا ۔ حکومت کی طرف سے ن لیگ کے بارے میں جو رویہ اختیار کیا جاتا ہے وہ اس قابل نہیں کہ ان کے ساتھ کرکٹ کھیلی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور حکمران خود سیرسپاٹوں میں مشغول ہیں ۔ 

 دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض چوہان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی نے حکومت اور اپوزیشن کے کرکٹ میچ کے حوالے سے گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

فیاض چوہان نے میچ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے جبکہ فائنل میچ میں پنجاب اسمبلی کے چیف پیٹرن پرویز الہٰی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کے حوالے سے رانا مشہود سے بھی رابطہ کیا ہے، لیکن انہوں نے انکار کردیا ہے حالانکہ ن لیگ کے اراکینِ اسمبلی بھی چاہتے ہیں کہ وہ بھی کرکٹ کھیلیں۔

یاد رہے  کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے ساتھ فرینڈلی کرکٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جس کے بعد اپوزیشن کی طرف سے بھی کرکٹ میچ پر دلچسپی ظاہر کی گئی تھی اور دونوں اطراف  کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نام بھی فائنل کرلئے گئے تھے ۔