نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سابق کپتان اظہر علی

Pakistan has the ability to give New Zealand a tough time: Former captain Azhar Ali
کیپشن: فائل فوٹو

ماؤنٹ منگنوئی: قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اچھا کھیلنا اور ساتھی کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا میرا کام ہے۔ کل ہونے والے میچ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

اظہر علی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں ہمارے باؤلرز کا کردار اہم ہے۔ بطور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کریں گے۔ زیادہ دیر کریز پر وقت گزاریں گے تو رنز بنیں گے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ فارمیٹ کے تجربہ کار باؤلرز کی موجودگی سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ سے ایشین سائیڈز کے لیے چیلنجنگ رہتی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے میں ہوگا۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ٹیم کا ماؤنٹ منگنوئی میں آج بھی چار گھنٹے سے زائد ٹریننگ سیشن ہوا۔ فزیکل ٹریننگ کے بعد کھلاڑیوں نے مختلف فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا۔ نیٹ پر کھلاڑیوں نے باؤلنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو ایک سے شکست ہو گئی تھی۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پانچ جبکہ دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے پاکستان کو ہرایا تھا۔

تاہم تیسرے ٹی ٹونٹی میں وکٹ کیپر محمد رضوان نے ایسی شاندار بلے بازی کی کہ ان کے ناقدین کے منہ بند ہو گئے۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی یادگار اننگز بنائی تھی۔ سینئر بلے باز محمد حفیظ نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 41 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف دورے ٹی ٹونٹی میچ میں محمد حفیظ کی بلے بازی بھی ریکارڈ کا حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے 99 رنز بنا کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔ ان کی بلے بازی سے شائقین کرکٹ بہت محظوظ ہوئے۔

اب دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سلسلے میں ہفتہ بروز 26 دسمبر سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا۔ اس کے بعد 3 جنوری سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ میچ کی قیادت کی ذمہ داری محمد رضوان کے کندھوں پر آن پڑی ہے کیونکہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم زخمی ہو کر آج کل کھیل کے میدان سے باہر ہیں۔ ٹی ٹونٹی میچ میں بھی ان کی جگہ شاداب خان نے قومی ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی۔