قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز تبدیل کرنے کی پروقار تقریب

Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah's birthday, prestigious ceremony of changing guards at Mazar-e-Quaid
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 145ویں یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق وچوبند جوانوں نے مزار کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔

کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمر احمد بخاری مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس پروقار تقریب میں اعلیٰ سرکاری، سیاسی اور عسکری شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور بانی پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق وچوبند دستے نے قائد کو سلامی پیش کی۔

خیال رہے کہ بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے سلسلے میں آج پورے ملک میں تعطیل ہے۔ سرکاری اور نجی سطح پر اس دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں قائداعظم کی مسلمانان ہند کیلئے علیحدہ ملک کیلئے کی جانے کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

دنیائے اسلام کے عظیم سپوت قائداعظم محمد علی 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، جسے آج ان کے نام کی مناسبت سے شہر قائد کہا جاتا ہے۔ آپ کا تعلق گجراتی خاندان سے تھا۔ بانی پاکستان نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی سے ہی حاصل کی، کچھ بڑے ہوئے تو والدین نے آپ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے 1893ء میں برطانیہ بھیج دیا جہاں سے آپ وکالت کی تعلیم حاصل کرکے لوٹے۔

اس کے بعد آپ نے اپنی ساری زندگی مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کی کوششوں میں گزار دی اور اپنی انتھک محنت سے 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر علیحدہ وطن پاکستان بنانے میں کامیاب ہوئے۔ آج ساری قوم اپنے قائد کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کا یوم پیدائش منا رہی ہے۔