پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ، آئی ایس پی آر

DG Military Operations of Pakistan and India contact hotline, ISPR
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی: پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ڈی جی ایم اوز کے درمیان اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز نے دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی خدشات اور معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے جبکہ تمام سیکٹروں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

نجی میڈیا کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان ہاٹ لائن کے موجودہ میکنزم کو موثر بنانے کیلئے متفق ہیں اور یہ کہ دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن پر 1987ء سے رابطہ جاری ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ اس کے بعد دو ہزار تین میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر انڈر سٹینڈنگ ہوئی جبکہ دو ہزار چودہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ دو ہزار تین کے بعد سے 2021ء تک 13 ہزار 500 سے زائد بار ایل او سی پر خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں۔ اس اشتعال انگیزی میں اب تک 310 معصوم شہری جاں بحق جبکہ تقریباً سولہ سو زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے 97 فیصد خلاف ورزیاں 2004ء سے 2021ء تک کے عرصے میں سامنے آئیں، 2019ء میں سیز فائر کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں جبکہ سب سے زیادہ جانی نقصان 2018ء میں ہوا۔