نقیب اللہ قتل کیس، راؤ انوار پر فرد جرم عائد

نقیب اللہ قتل کیس، راؤ انوار پر فرد جرم عائد
کیپشن: عدالت نے 11 اپریل کو کیس کے گواہان کو طلب کر لیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے نوجوان نقیب اللہ کے قتل کیس میں راؤ انوار پر فرد جرم عائد کر دی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں کیس میں نامزد مرکزی ملزم سابق ایس ایس پی راؤ انوار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے نقیب اللہ محسود کے قتل کے مقدمے میں راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے 11 اپریل کو کیس کے گواہان کو طلب کر لیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت مدعی مقدمہ اور عینی شاہدین کے بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ کو بھی طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس کیس میں 13 پولیس اہلکار و افسراں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں جب کہ راؤ انوار اور ڈی ایس پی قمر سمیت 5 ملزمان ضمانت پر رہا ہیں۔ ملزمان پر اغواء قتل سمیت دیگر الزامات ہیں۔