ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والو، کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ مریم نواز

ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والو، کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ مریم نواز
کیپشن: ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والو کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ مریم نواز
سورس: file

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کبھی عوام کو ووٹ دینے سے روکنے کیلئے عدالت جاتے ہو اور کبھی مریم نواز کیساتھ عوام کو آنے سے روکنے کیلئے عدالت جاتے ہو، ادارے تمہیں عوام کے غیظ و غضب سے نہیں بچا سکتے۔ 

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’کبھی عدالت جاتے کہ عوام کو ووٹ سے روکو، کبھی عدالت جاتے کہ مریم کے ساتھ عوام کو آنے سے روکو، تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے دوڑ گئے۔ یہ ادارے عوام کے ہیں، عوام کے غیظ و غضب سے تمہیں ادارے نہیں بچا سکتے، سلیکٹڈ الیکشن سے بھاگے گا نہیں تو اور کون بھاگے گا؟‘ 

ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے۔ عوام نے ووٹ تو ڈالنا ہے۔۔۔ کیوں ڈرتے ہو عوام سے؟ کیوں ڈرتے ہو ووٹ سے؟ کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ اس لئےکہ عوام تم سے بیزار ہے اور ووٹ کی پرچی تمہاری جعلی حکومت کیلئے موت کا پروانہ ہے!‘ 

واضح رہے کہ نیب لاہور کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست کی گئی تھی کہ مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ کل 26 مارچ کو وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنوں کے ساتھ نیب میں پیش ہونے کیلئے آئیں گی، اس لئے انہیں کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکا جائے تاہم لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ سیاست میں ہمیں نہ گھسیٹیں، قانون پر عملدر آمد ریاست کا کام ہے وہ کرائے۔ 

 دوسری جانب سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر 10 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کو ملتوی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔  جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے  کہ الیکشن کمیشن کا حلقے میں دوبارہ انتخاب کا فیصلہ معطل نہیں کر رہے ہیں لیکن 10 اپریل کو ضمنی انتخاب کرانے کا فیصلہ ملتوی کر رہے ہیں۔