ویلنگٹن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی 20 میچ کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 129 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کے اوپنرز حسن نواز اور محمد حارث نے جارحانہ آغاز دینے میں ناکامی کا سامنا کیا۔ حسن نواز ایک مرتبہ پھر صفر پر پویلین واپس لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عمیر بن یوسف اور عثمان خان 7، 7 رنز پر، عبدالصمد 4، جہانداد خان ایک اور سفیان مقیم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان نے 28 اور کپتان سلمان آغا نے 51 رنز کی اہم اننگز کھیلی، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستان کو بڑا سکور دینے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیکب ڈفی نے 2، بین سیئرز اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ میچ میں فتح کے ساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے میچ سے قبل بتایا کہ ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں، اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی کو ڈراپ کیا گیا، جبکہ عمیر بن یوسف، عثمان خان، جہانداد خان، سفیان مقیم اور محمد علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔