اداکار طلعت  حسین انتقال کرگئے

 اداکار طلعت  حسین انتقال کرگئے

کراچی : اداکار طلعت  حسین انتقال کرگئے ۔معروف اداکار طلعت حسین کے ا نتقال کی تصدیق صدر کراچی آرٹس کونسل نے کی۔ اس بارے میں  صدر کراچی  آرٹس کونسل  احمد شاہ اور ان کے اہل خانہ   نے کہاکہ  اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے ہیں ۔ وہ کافی عرصے سے  نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔

واضح رہے کہ صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار طلعت حسین نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت برطانیہ سے حاصل کی، وہ 1972ء سے1977ء تک لندن میں مقیم رہے۔ ’لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ‘ سے اداکاری کے شعبے میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز ’ٹریفک‘ میں لاجواب اداکاری کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے بالی ووڈ میں فلم ’سوتن کی بیٹی‘ میں عمدہ پرفارمنس دی۔ اس فلم میں جتندر اور ریکھا کے مدمقابل ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔ ان کے مقبول ٹی وی ڈراموں میں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔
1970ء میں فلم ’انسان اور آدمی‘ میں اداکار محمد علی اور زیبا کے بیٹے کا کردارنبھایا۔ انہیں فلم ’گمنام‘ میں ڈاکٹر کے روپ میں پسند کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طلعت حسین ایک لیجنڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا۔

ٹی وی، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار طلعت حسین کی وفات پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا  کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین نےاپنی اداکاری سے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی، ٹیلی وژن، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ طلعت حسین کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے کبھی پُر نہیں کیا جا سکے گا۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے لیجنڈری اداکار طلعت حسین کے انتقال پر دُکھ کر اظہار کیا ہے۔

اداکارہ نے طلعت حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی شوبز کے لیے بہت بڑا نقصان ہے.

مصنف کے بارے میں