کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے مرنیوالوں کی تعداد 50 سے بڑھ گئی

کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے مرنیوالوں کی تعداد 50 سے بڑھ گئی

ماسکو : روس میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس نے 50 سے زائد افراد کی جان لے لی ۔ گذشتہ روز ہونے والے افسوسناک واقعہ کو روس کی تاریخ کا بدترین واقعہ قراردیا جارہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق روس میں گزشتہ روز کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 52 ہوگئی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں 240 افراد کو بچا لیا گیا مرنےوالوں میں چھ ریسکیو ورکرز بھی شامل ہیں  ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سائبیریا میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کے سانحہ کو  سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد روس میں کوئلے کی کان کا بدترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کے بعد کان سے مزدوروں کو نکالنے کے لئے ریسکیو ورکرز  کان کے اندر اترے تھے تاہم زہریلی گیس کی وجہ سے چھ ورکرز  بھی دم توڑ گئےتھے ۔ 

زہریلی گیس سے متاثرہونے والے مزدوروں کو ہسپتالوں میں طبی امداد کے لئے پہنچا دیا گیا جہاں پر کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

 ریجنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد کان کے مالک سمیت تین اعلیٰ عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہےاور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔

یاد رہے کہ کوئلے کی کان میں زہریلی گیس کے اخراج کے واقعہ میں 50 سے زائد افراد دم توڑ گئے  اور کئی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تھا ۔