نواز شریف اکتوبر میں واپس نہیں آئیں گے، وہ عین وقت پر بیمار ہو سکتے ہیں : خورشید شاہ 

نواز شریف اکتوبر میں واپس نہیں آئیں گے، وہ عین وقت پر بیمار ہو سکتے ہیں : خورشید شاہ 

سکھر : سابق وفاقی وزیر آبی وسائل و رہنما پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا اکتوبر میں پاکستان واپسی کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔وہ 15 اکتوبر کو بیمار ہوجائیں گے۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کا ابھی کوئی پروگرام نہیں ہے کیونکہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، وہ شاید نہ آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بالکل ٹھیک کہتے ہوں گے کہ نواز شریف اکتوبر میں آئیں گے لیکن میں یہ کہتا ہوں ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، نواز شریف کی طبیعت عین وقت پر بھی خراب ہو سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ وقت پر صاف اور شفاف انتخابات ہوں اور صحیح جماعت کو صحیح مینڈیٹ مل گیا تو معاشی لحاظ سے ملک میں بہت بہتری آسکتی ہے۔

پروگرام کے دوران خورشید شاہ نے تجویز دی کہ نگران حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 15 روپے کمی کر سکتی ہے۔ ایسا نہیں کہ فی یونٹ میں کمی نہیں ہو سکتی، بجلی کے فی یونٹ میں 15 روپے کمی اب بھی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ بجلی، پیٹرول اور ڈیزل وغیرہ کی قیمتیں غیر معمولی حد تک اوپر چلی گئی ہیں، اس میں دیکھنا پڑے گا کہ کچھ ٹیکسز کم کرکے عوام کو کیسے ریلیف دیا جا سکتا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی جانب سے بھی کچھ رکاوٹیں ہیں۔

مصنف کے بارے میں