قذافی سٹیڈیم میں لاہور کا ’دما دم مست قلندر‘ ، پہلی بار چیمپین بن گئی

قذافی سٹیڈیم میں لاہور کا ’دما دم مست قلندر‘ ، پہلی بار چیمپین بن گئی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز انتہائی عمدہ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بار چیمپین بن گئی ہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ نے انتہائی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے تاریخ رقم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کو پہلا نقصان صرف 12 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور فخر زمان صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ذیشان اشرف تھے جنہوں نے 7 رنز بنائے۔ 
کامران غلام بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 15 رنز بنا کر چلتے بنے۔ ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو بچایا۔ انہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی 
ہیری بروک نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 41 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے اور صرف 8 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
ملتان سلطانز کی جانب سے آصف آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی اور شاہنواز دھانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے 19.3 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ملتان سلطانز نے اننگز کے آغاز میں جارحانہ عزائم ظاہر کا اظہار تو کیا مگر بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد حفیظ نے ملتان کی بیٹنگ لائن میں پہلا شگاف محمد رضوان کو کلین بولڈ کر کے ڈالا جس کے بعد شان مسعود بھی 19 رنز بنا کر فخر زمان کی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ 
محمد حفیظ کا دوسرا شکار عامر عظمت بنے جنہوں نے صرف 6 رنز بنائے جبکہ ریلی روسو بھی متاثرکن کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق نے باؤنڈری کے قریب روسو کا انتہائی خوبصورت کیچ پکڑا۔ جس کے بعد آصف علی کو بھی زمان خان نے کلین بولڈ کر دیا۔ 
ٹم ڈیوڈ اور خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 51 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 114 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر ٹم ڈیوڈ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ انہوں نے 17 گیندو ں پر 1 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ 
ملتان سلطانز کی ساتویں وکٹ 119 کے مجموعی سکور پر گری اور ڈیوڈ ویلی بغیر کوئی سکور بنائے شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن یارکر پر کلین بولڈ ہو گئے۔ خوشدل شاہ کی مزاحمت کا سلسلہ 122 کے مجموعی سکور پر حارث رؤف نے کلین بولڈ کر کے ختم کر دیا، وہ 23 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا سکے۔ 
ملتان سلطانز کے نوویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رومان رئیس تھے جو 7 گیندوں پر 6 رنز بنا سکے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی آخری وکٹ ڈیوڈ ویزے نے حاصل کی اور عمران طاہر کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ وہ 7 گیندوں پر 10 رنز بنا سکے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد حفیظ نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زمان خان نے 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 2  وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، ذیشان اشرف، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔ 
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، رومان رئیس، عمران طاہر، شاہنواز دھانی، ٹم ڈیوڈ اور عامر عظمت شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں